مہسانا، 20دسمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کی یہاں ہونے والی ریلی سے ایک دن پہلے کچھ نامعلوم افراد نے ان کے پوسٹر پھاڑ دئے۔کانگریس کارکنوں نے راہل کا استقبال کرنے کے لئے شہر میں ایک سڑک کے کنارے یہ پوسٹر لگائے تھے۔راہل کل یہاں ایک ریلی سے خطاب کرنے والے ہیں۔اس حرکت کے پیچھے کانگریس کو جہاں بی جے پی کا ہاتھ نظر آ رہا ہے، وہیں گجرات بی جے پی نے کہا کہ پوسٹروں کو پھاڑنے کی اسے کوئی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ ریاست کے لوگ پہلے ہی اپوزیشن پارٹی کو مسترد کر چکے ہیں۔مقامی کانگریس رہنماؤں کے مطابق شہر کے مضافات میں رادھن پور-پنچوٹ مارچ پر مختلف جگہوں پر فسادیوں نے ایسے کم از کم تین پوسٹر پھاڑے جن پر راہل کی تصاویر لگی تھیں۔واقعہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ریاستی کانگریس کے ترجمان منیش دوشی نے اس حرکت کے لیے بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔دوشی نے کہا کہ پورے شمالی گجرات کے لوگ راہل جی کو سننے کے لئے بے قرار ہیں،ہمارے لیڈر کے لئے لوگوں کے درمیان غضب کا جوش ہے۔یہ واضح ہے کہ بی جے پی راہل جی کی ایسی مقبولیت کو ہضم نہیں کر پا رہی اور پوسٹر پھاڑنے جیسی گندی حرکت کر رہی ہے۔اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے بی جے پی کے ریاستی میڈیا کنوینر ہرشد پٹیل نے کہا کہ ان کی پارٹی ایسی حرکتیں نہیں کرتی۔